ویٹی کن سٹی میں کورونا، پوپ فرانسیس کے گارڈز میں علامات

431

ویٹی کن: سوئس دستے کے محافظوں میں کویڈ-19 کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جس کے بعد پوپ فرانسیس  کے بچاؤ کے تحت ماسک پہننے کی سختی کردی گئی ہے، گارڈز کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس کے ذاتی محافظوں پرمشتمل سوئس گارڈز کے 4ارکان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ویٹی کن کے ترجمان میٹیو برونی کا  کہنا تھا کہ سوئس دستے کے 4 محافظوں میں کویڈ-19 کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جس کے بعد حفاظتی احتیاطی تدابیر کے تحت محافظوں کو ہر وقت ماسک پہننے رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ 83سالہ عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسیس کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ویٹی کن انتظامیہ روحانی پیشوا کی مستقل نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پوپ جولیئس دوم نے اپنے ذاتی تحفظ کے لیے 1506ء میں سوئس گارڈز کے نام سے مختصر فوجی دستہ تشکیل دیا تھا اور اس وقت محافظوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے جبکہ صدیوں سے جاری روایت کے مطابق سوئس گارڈز کی عمر19 سے 30سال کے درمیان ہونی چاہیے، غیر شادی شدہ  اور وہ سوئس ہونے کے ساتھ  عیسائیوں کے رومن کیتھولک عقیدے پر عمل پیرا ہوں۔

دوسری جانب روم کے شہر اٹلی میں کرونا وائرس کی صورتحال سنگین ہوگئی ہے اور دوسری لہر میں شدت آنے سےایک دن میں ریکارڈ 7 ہزار 332 نئے مریض رجسٹرڈ کر لئے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 افراد ہلاک ہوگئے۔