کارکنان گرفتاریوں سے بچنے کیلیے گھروں میں نہ سوئیں‘ مریم نواز

104

لاہور(نمائندہ جسارت ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کارکن 16اکتوبر تک گھروں میں نہ سوئیں، گرفتاریوں سے بچیں، حکومت نے جلسے سے خوفزدہ ہوکر پکڑ دھکڑ شروع کردی۔ گوجرانوالہ جلسہ ہر صورت کامیاب ہوگا، پاسبان رضاکار دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے پاسبان رضاکاروں نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی جس میں گوجرانوالہ کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلیے حکمت عملی بنائی گئی۔مریم نواز نے پاسبان رضاکاروں کو ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے سے متعلق ہدایات کی ہیں کہ گوجرانوالہ جلسے سے حکومت خوف زدہ ہوگئی ہے۔ حکومت نے لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔ لیکن 16 اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا۔ کارکن اپنی تیاریاں مکمل کریں۔مریم نواز نے کارکنان کو ہدایت کی کہ کارکنان ممکنہ گرفتاریوں سے ہر صورت اپنے آپ کو بچائیں۔کارکنان کسی غیرمتعلقہ شخص اور کال کا جواب نہ دیں۔ کوشش کریں 16 تاریخ تک گھروں میں نہ سوئیں۔ پاسبان رضاکار جلسے کو کامیاب بنانے کیلیے دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں۔ مزید برآں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام 16اکتوبر کو گوجرانوالہ میں نا اہل اور نالائق ٹولے کو الوداع کہیں گے۔ عوام حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی پرلعنت بھیج رہے ہیں۔احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ گوجرانوالہ کاجلسہ حکمرانو ں کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ اس حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ، ملک ہر طرح سے تباہی کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کا جلسہ فیصلہ کن ہوگا اور اس میں عوام اپنی واضح رائے کا اظہار کریں گے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم بالخصوص ن لیگی جلسے کو ناکام بنانے کیلیے انتظامیہ نے بینرز بھی اتارنا شروع کردیے ہیں۔ جس پر ن لیگی رہنماء حکومت پر شدید تنقید بھی کررہے ہیں۔