افغانستان سے مکمل انخلامعاہدے پر عملدرآمد سے مشروط ہے،پینٹاگون

308

واشنگٹن/کابل(آن لائن)پینٹاگون نے کہا ہے کہ افغانستان سے مزید امریکی فوجیوں کا انخلا طالبان کی جانب سے پْرتشدد کارروائیوں میں کمی اور امن معاہدے کے تمام نکات پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔جوائنٹ چیفس آف چیئرمین جنرل مارک مِلے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ افغانستان سے اب بھی 4 ہزار 500 امریکی فوجیوں کا انخلا باقی ہے جن کی افغانستان سے واپسی اسی صورت میں ممکن ہوگی جب طالبان حملوں میں کمی کردیں اور کابل حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں مثبت پیشرفت پر آمادہ ہوں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرسمس تک اپنے فوجیوں کی وطن واپسی چاہتے ہیں ۔علاوہ ازیں قندھار پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع شاہ ولی کوٹ میں طالبان کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا تاہم انکی اپنی ہی گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور 10 جنگجو جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ۔