بڑھتی مہنگائی پر کابینہ ارکان ایک دوسرے پر برس پڑے

475

اسلام آباد:ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پروفاقی وزراء کابینہ اجلاس میں ایک دوسرے پر برس پڑےاورسخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مراد سعید، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور دیگر وزراء نے مہنگائی کا معاملہ اٹھایا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعیدنے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پیٹرویم ندیم بابر پر شدید تنقید کی، جبکہ شیخ رشید نے بھی وزیر اعظم کو ہوشربا مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا، کابینہ اجلاس میں انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا بھی تذکرہ رہا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وفاقی وزیر توانائی  عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر پر  شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے منع کرتے ہیں، عوام کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے لیکن وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی بابر ندیم عوام دشمن فیصلے ای سی سی اجلاس سے منظور کروالیتے ہیں جس سے حکومت کو سبکی اور شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔

کابینہ کے اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام آئے روز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ادویات مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی باتیں سننا پڑتی ہیں۔

کابینہ اجلاس میں انڈوں کی قیمتوں میں اچانک اضافے کا بھی تذکرہ ہوا،اجلاس میں بتایا گیا کہ اس س ےقبل شدید سردی میں انڈوں کی قیمت 120 تا 130 روپے فی درجن سے اوپر نہیں جاتی تھی تاہم اب رواں گرمی کے سیزن میں انڈہ 190 روپے تک فی درجن بک رہا ہے، انڈہ مافیا کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں اپنی میڈیا کی مضبوط ٹیم بنانے کا مشورہ دیا۔