غلام قادر جتوئی ایڈووکیٹ انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

117

کراچی(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ کے سینئر وکیل ، دانشور اور اسلامک لائرز موومنٹ پاکستان کے نائب صدر ایڈووکیٹ غلام قادر جتوئی 85 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ مرحوم نے سکھر سے وکالت شروع کی تھی بعد ازاں کراچی شفٹ ہو گئے تھے۔ وہ بڑے عرصے تک اسلامک لائرز موومنٹ سندھ کے صدر بھی رہے اور وکلا کے انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لیتے رہے۔ غلام قادر جتوئی سود، قانون کے متعلق کتابوں کے مصنف سمیت 70 کی دہائی میں سندھی زبان میں ادبی اور فکری ماہانہ پرچہ’’ جہان نو‘‘ بطور ایڈیٹر نکالتے رہے۔ پسماندگان میں4 بیٹے 2 بیٹیاں اور 2 بیگمات کو سوگوار چھوڑا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر (30:1 ) بجے ان کی رہائش گاہ مسجد ابوبکر گولڈن ہائٹس بلاک 13 گلستان جوہر میں ادا کی جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، قیم امیر العظیم ، نائب امرا لیاقت بلوچ، اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ، اسلامک لائرز موومنٹ پاکستان کے صدر خان افضل ایڈووکیٹ،امیر صوبہ محمد حسین محنتی، قیم صوبہ کاشف شیخ ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر ذمے داران نے غلام قادرجتوئی ایڈووکیٹ کی وفات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔دریں اثنا سکھر میں اسلامک لائرز موومنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہا کہ غلام قادر جتوئی ایڈووکیٹ نے پوری زندگی اسلامی نظام اور قانون و دستور کی بالا دستی کے لیے جدوجہد کی۔ جب بھی کسی سول یا فوجی آمروں نے عدالت کی آزادی و خود مختاری پر شب خون مارا تو مرحوم سب سے آگے آگے ہوتے تھے ۔ ان کی عوامی، نظریاتی اور قانون کی بالا دستی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔