دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن

97

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، پانی کے بیک پریشر سے 72 انچ کی مرکزی لائن ایک بار پھر مختلف مقامات پر دو جگہ سے پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر۔ تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اتوار کی شب کیالیکٹرک کی جانب سے اچانک ہونے والے بجلی بریک ڈاؤن کے باعث پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو یومیہ سو ملین گیلن پانی فراہم کرنے والی 72انچ قطر کی پائپ لائن نمبر5 ایک بار پھر مختلف مقامات پر دو جگہ دھماکے سے پھٹ گئی جسکے باعث لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے سے بڑا علاقہ زیرآب آگیا۔اطلاع ملنے پر واٹربورڈ کے عملے سپرنٹنڈنٹ انجینئر لعل محمد سموں اور ایگزیکٹیو انجینئر اقبال پلیجو نے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا والو بند کرکے مرمت کاکام شروع کردیا۔واٹربورڈ انتظامیہ کے مطابق لائن کی مرمت کاکام پیر کی شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہا۔