طےشدہ ایس او پیز کے مطابق عمرہ کی ادائیگی، ٹورز آپریٹرز کی تیاریاں شروع

485

سعودی عرب کی جانب سے یکم نومبر کو غیر ملکی زائرین کو عمرہ کی اجازت ملنے کے متوقع اعلان کے باعث پاکستان کے حج و عمرہ ٹور آپریٹرز نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حج و عمرہ ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز کی جانب سے نہ صرف ٹکٹوں کی پیشگی بکنگ کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں بلکہ انھوں نے عمرہ کے حوالے سے تشہیر مہم بھی شروع کر دی ہے۔

ترجمان ٹور آپریٹرز کے مطابق ان تیاریوں کا مقصد پاکستانی زائرین کو سعودی حکومت کے طے کردہ ایس او پیز کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے تیار کرنا ہے جبکہ حج و عمرہ ٹور آپریٹرز نے سعودی حکومت اور مقامی عمرہ کمپنیوں کے ساتھ رابطے شروع کر دیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی عمرہ زائرین بھی منتظر ہیں کہ کب اجازت ملے اور وہ حجاز مقدس کا سفر کر سکیں جبکہ اس سلسلے میں بہت سے خواہش مند عمرہ آپریٹرز کے پاس جا کر معلومات حاصل کر رہے ہیں۔