موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد گرفتار

916

لاہور: موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو پولیس نے فیصل آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزم عابد کو فیصل آناد سے گرفتار کرلیا ہے، جسے لاہوت منتقل کیا جارہا ہے،جہاں اس کا دوبارہ ڈی این اے کیا جائے گا۔

اس سے قبل 4 مرتبہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ ہر بار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، بالاآخر آج پولیس نے اسے پکڑ لیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی  موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ واقعے میں ملوث دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ڈکیتی کے بعد خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا اور وہ روڈ پر پولیس کے انتظار میں کھڑی تھی کہ 2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر پہلے ڈکیتی کی، جس کے بعد خاتون اور اس کے بچوں کو باہر نکالا، اور موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ لاہور موٹروے واقعے میں ملوث افراد کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد ملزم وقارلحسن نے پولیس کو گرفتاری دے دی اور ملزم کے انکشافات پر وقارلحسن کے سالے عباس نے بھی گزشتہ روز گرفتاری دے دی تھی تاہم دونوں ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شفقت نامی شخص کو گرفتار کرلیا اور ملزم شفقت نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرلیا۔

پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں ملزم شفقت نے بتایا کہ موٹروے پر واردات کے بعد ایک رات قلعہ ستار شاہ میں قیام کیا، اگلے روز میں دیپالپور اور عابد علی مانگا منڈی اپنے والد کے پاس چلا گیا۔ ملزم شفقت نے بتایا کہ عابد نے واردات کرنے کے لیے مجھے اور ایک تیسرے ملزم بالا مستری کو لاہور بلایا ہم تینوں واردات کرنے نکلے لیکن بالا مستری راستے سے واپس چلا گیا، میں نے اور عابد علی نے ڈکیتی اور خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔

ملزم شفقت نے بیان میں بتایا کہ ملزم عابد کے ساتھ ایک ماہ قبل بھی شیخوپورہ میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے پر زیادتی کیے بغیر فرار ہو گئے، ملزم شفقت نے کہا کہ میرا عابد علی سے آخری بار 3روز قبل رابطہ ہوا تھا۔

دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اور مرکزی ملزم عابد علی مل کر 11وارداتیں کر چکے ہیں۔