سندھ حکومت جزائر کے معاملے پر سنجیدہ نہیں‘جماعت اسلامی

400

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی نے سندھ کے جزائر پروفاق کے قبضے میں دینے والے صدارتی آرڈیننس کے خلاف فوارہ چوک پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے تحت ہونے والے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی صدارتی آرڈیننس کی مذمت اور سندھ کی وحدت کے خلاف کوئی بھی سازش قبول نہیں
کرے گی، پیپلزپارٹی اگر واقعی سندھ سے مخلص ہے تو بیان بازی و ڈراما بازی کو بند کرکے مذکورہ غیرآئینی آرڈیننس کے خلاف فوری طور پر سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرکے قرارداد منظور کرائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ احتجاج پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد پر ہونا چاہیے تاکہ ایوان صدر کو معلوم ہوجائے کہ سندھ کے عوام بیدار اور سندھ کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، سندھ کے جزائر سندھ کی ملکیت ہیں، پیپلزپارٹی سندھ کے جزائر سمیت قدرتی وسائل کو فروخت کرنے میں وفاق کی سہولت کار بنی ہوئی ہے، دوسری جانب ملک ریاض کو سندھ کی قیمتی زمینیں اصل مالکان کو حراساں کرکے اونے پونے داموں فروخت کی جا رہی ہیں جس کی ہم پر زور مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان زمینوں کی اصل قیمت وصول کرکے وہ رقم علاقے کے تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کی حالت بہتر کرنے پر لگائی جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوسکیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں وفد نے غیر آئینی صدارتی آرڈیننس کے خلاف ایک یادداشت نامہ گورنر ہائوس میں جمع کرایا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔