وفاقی حکومت کے ظلم وستم سے عوام تنگ آگئے ہیں، شرجیل انعام

117

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹنڈو جام میں ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں، وفاقی حکومت کے ظلم وستم سے عوام تنگ آگئے ہیں، علی بابا چالیس چوروں نے تبدیلی کے نام پر ملک کنگال کر کے رکھ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے حلقے کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو جام کے جو ترقیاتی کام بلدیاتی دور میں مکمل نہیں ہوسکے وہ کرائے جارہے ہیں اور پورے حلقہ پی ایس 63 میں ہم نے صوبائی حکومت کے تعاون سے ریکارڑ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ انہوں نے غریب عوام کے سروں پر تبدیلی کے نام پر جو علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا تھا عوام کورونا سے زیادہ ان سے تنگ آگئے ہیں۔ انہوں نے ملک کی بنیادوں کو اپنی نا اہلی کی وجہ سے کھو کھلا اور ہر ادارے کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے عوام کو ان چوروں سے نجات دلانے کے لیے اپوزیشن متحد ہوئی تاکہ ملک کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی زمین کے ایک ایک انچ کی محافظ ہے، اس پر کسی کا تسلط برداشت نہیں کیا جائے گا۔