پی ڈی ایم اپنے اہداف میں 100 فیصد کامیاب ہوگی، رانا ثنا

151

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے اہداف میں 100 فیصد کامیاب ہوگی، حکومت نے 2 سابق اور آزاد کشمیر کے موجودہ وزیراعظم سمیت 40 سے زائد مسلم لیگی ارکان کے خلاف بغاوت کے مقدمے سے نوازشریف کے علاوہ تمام نام نکال کر اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، امید ہے کہ بہت جلد حکمران نواز شریف کا نام بھی نکال دیں گے کیونکہ وفاقی وزیر داخلہ نوازشریف کا نام لے کر اعتراف کر رہے ہیں کہ مقدمہ غلط ہوا ہے۔ ’’صباح نیوز‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا الطاف حسین سے موازنہ کرنے والے اپنے دماغ کا علاج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مسلم لیگ(ن) کی میزبانی میں 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل پریشان اور اسے روکنے میں مصروف ہیں مگر کامیاب نہیں ہوں گے، طے شدہ شیڈول کے مطابق جلسے، ریلیاں، لانگ مارچ بھی ہونگے اور آخری آپشن میں استعفے بھی ہوں گے۔