بجلی و گیس کی قیمتوں میںاضافے کی تجویز قابل مذمت ہے

134

فیصل آباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری طلحہ محمودنے حکومت کی جانب بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ کرکے رواں ماہ صارفین پر 10 ارب روپے سے زائدکی رقم اپنی تجوریاںمیں بھرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ نیپرا نے پی ٹی آئی حکومت کی منظوری سے بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیاگیا،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاگیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کااطلاق رواں ماہ صارفین کے بلوں پر ہوگاجس سے رواں ماہ غریب عوام پر 10 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑے گا۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتوں میںاضافے کی تجویز قابل مذمت ہے۔ حکومت معاشی پالیسی اور ویژن سے عاری ہے۔ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے، مہنگائی کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کرسکی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اربوں ڈالرز کے قرضے، امداد اور سود پر قرضہ لینے کے باوجود عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہی ہے۔ حکومت اپنے سوادوسال کے دور میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت احتساب کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی مگر لٹیروں سے ایک پائی بھی وصول نہیں کرسکی۔