پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کا جی ایچ کیو کا دورہ

346

راولپنڈی(آن لائن)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے الگ الگ ملاقات کی ہے ،ملاقات میں پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتہ کے روز پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے چیئرمین
جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا کی دعوت پر جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔ ایڈمرل امجد خان نیازی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی ،دونوں رہنمائوں کے درمیان پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے نئے سربراہ نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے ایڈمرل امجدخان کو پاک بحریہ کی کمانڈسنبھالنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ انکی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی ۔قبل ازیں پاک بحریہ کے سربراہ کا جی ایچ کیو پہنچنے پر پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،ایڈمرل امجد خان نیازی نے یاد گار شہداء پر حاضری دی اور شہداء کی درجات بلندی کیلیے فاتحہ پڑھی۔