خوشدل شاہ نے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بناڈالا

1055

قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز خوشدل شاہ نےنیشنل  ٹی 20 کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بناڈالا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں خوشدل شاہ نے ایک ایسے موقع پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کردی جب سدرن پنجاب کی ٹیم شدید مشکلات کا شکارتھی،  خوشدل شاہ نے راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی20 کپ کےمیچ میں 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

جارح مزاج بلے باز نے 9 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور تیز ترین ٹی 20سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

خوشدل شاہ سے قبل تیز ترین سنچری کا اعزاز احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میچ میں 40 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

خوشدل شاہ کی 35 گیندوں کی سنچری مجموعی طور پر ٹی 20کرکٹ میں پانچویں تیز ترین سنچری ہے۔

اس سےقبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 30، رشب پنٹ 32، وہان لیوب 33 اور اینڈریو سائمنڈز 34 گیندوں پر ٹی 20سنچریاں بناچکے ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما بھی 35، 35 گیندوں پر ٹی20 سنچریاں اسکور کرنے کا اعزز حاصل کر چکے ہیں۔