آرمی چیف کا دورہ گلگت‘ جدید سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا

472

کراچی‘راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر+مانیٹر ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں سے کہا ہے کہ ایل او سی پر خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے ایل او سی پر دفاعی تیاریوں کی آگاہی کے لیے گلگت اور اسکردو کے دورے میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گلگت اور اسکردو کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے کیا۔ آرمی چیف کو ایل او سی پر تعینات فوجی دستوں کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے فوجی افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور مشکل موسمی حالات اور چیلنجز کے باوجود جوانوں کی بہترین تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے ابھرتے ہوئے خطرات کا موثرجواب دینے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گلگت میں ایس سی او کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا، اس پارک سے آئی ٹی اور دفاعی مواصلات کے شعبوں میں تحقیق اور جدت کا ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی،یہ پارک علاقے میں سائبر انڈسٹری کی ترقی کے محرک کے طور پر کام کرے گا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ایس سی او کی کاوشوں کا اعتراف کیا، دور دراز علاقوں میں آئی ٹی کلسٹرز کے قیام سے جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کی حوصلہ افزائی ہوگی۔