پنجاب میں 16 لاکھ لوگوں کیلیے روزگار کا علان ،30 ارب مختص

123

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب روزگار اسکیم کا افتتاح کردیا جس کے تحت آسان شرائط اور کم شرح سود پر 30 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے،16لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں بٹن دبا کر پنجاب روزگار اسکیم کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب روزگار اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے حاصل کیے جاسکیں گے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا وژن نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، اسکیم سے خواتین مرد اور خواجہ سرا بھی مستفید ہوسکیں گے جبکہ چھوٹی صنعتوں کو بھی قرض دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے
دوران معاشی طورپر مشکلات کا سامنا کرنے والے تاجر اور کاروباری حضرت اپنے بزنس کو بحال کر سکیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمال انڈسٹریزی کارپوریشن اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے کے قرضے انتہائی کم شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے۔ قرضے کی واپسی کی شرائط بھی آسان ہوں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے شعبدہ بازی اور کِک بیکس کے لیے منصوبے دیے جبکہ پنجاب روزگار اسکیم عوام کے دل کی آواز ہے۔ تقریب سے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کا فوکس روزگار کی فراہمی ہے ،اسکیم کا ہر ماہ جائزہ لےکر اس میں مزیدبہتری لائیں گے۔