سگ گزید گی کے واقعات میں اضافے پر ماہرین کی تشویش

190

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اسریٰ یونیورسٹی حیدر آباد میں ریبیز ڈے (کتے سے کاٹنے) کے عالمی دن کے حوالے سے آن لائن ویبنار اسریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر ویبنار میں اسریٰ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار میمن، ڈاکٹر فدا حسین، پروفیسر ڈاکٹر حسین بخش کولاچی، ڈاکٹر سلمیٰ کندی، مس روبیکا ولسن جان، ڈاکٹر رمیش، ڈاکٹر شنکر لال، ڈاکٹر ارم کیریو، ڈاکٹر سلمان قاضی، ڈاکٹر اسد جسکانی، ڈاکٹر غلام حسین بلوچ، ڈاکٹر گلزار عثمان اور ڈبلیو ایچ او سے ڈاکٹر سارا سلمان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ریبیز ڈے (کتے سے کاٹنے) کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری نے کہا ہے کہ ہمیں اس وقت کتے سے کاٹنے کے واقعات پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ خاص طور پر اس وقت اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور بہت افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑرہا ہے کہ آج کے اس جدید دور میں اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے لوگ کتے کے کاٹنے کے باعث تڑپ تڑپ کر مر جاتے ہیں اور مرنے والوں میں معصوم بچوںکی بھی بڑی تعداد ہے۔ اس خطر ناک بیماری کی ویکسین تمام اسپتالوں میں جلد از جلد میسر کی جائیں۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر اسریٰ یونیورسٹی میں رینج ٹریٹمنٹ ریسرچ سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا جبکہ کینیڈا پبلک ہیلتھ کے ماہر ڈاکٹر ناصر جمال پٹھان نے ویبنار میں خصوصی شرکت کی اور اپنے تجربے سے شرکا کو مستفید کیا جبکہ ریبیز ڈے (کتے سے کاٹنے) کے عالمی دن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر جمال کا کہنا تھا کہ امریکا اور کینیڈا سمیت دنیا کے ماہرین نے کتے سے کاٹنے کے واقعات کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔