وزیراعظم کے بیانات ناکامی کا اعتراف ہیں‘ حکومت آکسیجن پر زیادہ دیر نہیں رہ سکتی‘ سراج الحق

277

لاہور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹائی ٹینک ڈوبنے والا ہے ، مصنوعی آکسیجن پر حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی ، وزیراعظم کے بیانات ناکامی کا اعتراف ہیں ،ان کے بیانات سے لگتاہے کہ عمران خان نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں ،جماعت اسلامی ملک و قوم کو اس نااہل ٹولے سے نجات دلانے کے لیے عوام کو منظم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر کی تحصیل منڈ ا میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی نے عوا م کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور لوگوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل ہوگیاہے ۔ نیب نے دونوں آنکھیں نہ کھولیں تو ایک آنکھ بھی بند ہو جائے گی ۔ حکومت نے کشمیر کا سودا کر لیاہے اور عوام سے حقائق چھپائے جارہے ہیں موجودہ حکومت نے اسٹیٹس کو کو توڑنے کے بجائے مزید مضبوط کیاہے ۔ کرپشن میں اضافہ ہواہے ۔ پہلے ناجائز کام کے لیے رشوت دینا پڑتی تھی اب جائز کام کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے ۔ رشوت کے ریٹس بڑھ گئے ہیں ۔2 سال سے ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے ۔ معیشت کی تباہی نے روپے کو کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بنادیاہے ۔ موجودہ حکومت میں میڈیا کو جتنے دبائو کاسامنا ہے ماضی کی فوجی حکومتوںمیں بھی اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کے اوسان خطا کر دیے ہیں ۔ نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں ۔ لاکھوں لوگوں کا کاروبار اور روزگار ٹھپ ہوچکاہے ۔ عوام کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور مایوسی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کے وعدے اور دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔ 2 سال میں حکومت کسی ایک شعبے میں بھی بہتری نہیں لاسکی ۔ معیشت صنعت و تجارت اور زراعت ہر شعبہ تباہی سے دوچار ہے ۔