پنجاب: حلقہ بندیوں کی فہرست خفیہ رکھنے کے باوجود منظر عام پر آگئی

424

لاہور (آن لائن) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کی گئی حلقہ بندیوں کی فہرست خفیہ رکھنے کے باوجود منظر عام پر آگئی ہے۔ جس کی ذمے داری الیکشن کمیشن نے اپنے ذمے لینے سے انکار کردیا ہے اور بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ لسٹیں ڈپٹی کمشنر لاہور آفس کو فراہم کر رکھی تھیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیار کی جانے والی حلقہ بندیوں کی لسٹوں کو آئندہ 15 روز تک الیکشن کمیشن میں آویزاں نہ کرنے کی درخواست کر رکھی تھی۔الیکشن کمیشن نے یہ لسٹیں اپنے دفاتر میں تو آویزاں نہ کی مگر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی دارلحکومت لاہور میں قائم کی جانے والی 475 لیبر ہڈ کونسلز کے آبادی کے حوالے سے تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں جن کی روشنی میں پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق لاہور میں آبادی کے لحاظ سے ان حلقہ بندیوں کو 6608 علاقہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جن کی آبادی 1 کروڑ 71 ہزار 896افراد پر مشتمل ظاہر کی گئی ہے ۔لاہور کی 475 لیبر ہڈ کونسلز میں آبادی کے اعتبار سے گرین ٹائون کی لیبر ہڈ کونسلز سب سے بڑی ظاہر کی گئی ہیں۔ جس میں آباد کا تناسب 26975 افراد پر مشتمل ہے جبکہ سب سے چھوٹی لیبر ہڈ کونسل 15906 افراد کی آبادی پر مشتمل مسلم ٹائون کا حلقہ ظاہر کیا گیا ہے۔