آئی ایس آئی سربراہ نے استعفا مانگا تو برطرف کردوں گا‘ عمران خان

335

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ آئی ایس آئی کے سربراہ نے مجھ سے استعفا مانگا توبرطرف کردوں گا۔جمعرات کو نجی ٹی وی سماء نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہنواز شریف یا ذوالفقار علی بھٹو کی طرح فوج کی نرسری میں نہیں پلا، منتخب وزیراعظم ہوں کس کی جرات کہ مجھ سے استعفیٰ مانگے، فوج حکومت کا ادارہ ہے، حکومت چلانے کے لیے جس ادارے کی ضرورت ہوئی استعمال کروں گا،پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔عمران کے بقول مجھ سے پوچھے بغیر آرمی چیف کارگل پر حملہ کرتے تو انہیں فارغ کردیتا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہر آرمی چیف سے لڑائی رہی، وہ کبھی جمہوریت پسند نہیں تھے،تمام اداروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی،امیر المومنین بنناچاہتے تھے، ایجنسیوں کو نواز شریف کی چوریوں کا پتا چل جاتا تھا، یہ اقتدار میں مال بنانے کے لیے آتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں بھارت دہشت گردی کو پروان چڑھاتا ہے، بھارت گلگت بلتستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہاہے، گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق چاہتے ہیں، نواز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر فوج کے خالف مہم چلار ہے ہیں، بھارت پاکستان کو توڑنا چاہتاہے اس لیے نواز شریف کی مدد کر رہاہے۔عمران خان کے مطابق پاک فوج نہ ہوتی تو ملک کے 3ٹکڑے ہوچکے ہوتے، نواز شریف دوسرے بانی ایم کیو ایم بن گئے ہیں۔ اپنے انٹرویو میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اقتدار چھوڑنے کو ترجیح دوں گالیکن کسی کو این آر او نہیں دوں گا، اپوزیشن این آر او لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، انہیں معلوم ہے میں این آر او نہیں دوں گا اس لیے مائنس ون کہتے رہتے ہیں، اپوزیشن عدلیہ، نیب اور فوج پردباؤڈال رہی ہے، اگر اس وقت یہ دباؤہم نے جھیل لیا تو پاکستان وہ ملک بن جائے گا جو اسے بننا چاہیے تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر بیرون ملک گئے، ہم تو سمجھ رہے تھے کہ وہ جہاز کی سیڑھیاں بھی نہیں چڑھ سکیں گے۔عمران خان کے بقول اپنی چوریاں بچانے کے لیے ڈاکواکٹھے ہوگئے ہیں،چوروں کے دباؤ میں آکر ڈیل کرنے سے ملک تباہ ہوتے ہیں، یہ ملک کومقروض چھوڑکرگئے اورجواب ہم سے مانگ رہے ہیں، ملک میں دولت بڑھانے کی انہوں نے چیزیں نہیں چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن استعفے دے گی تو ہم الیکشن کرادیں گے۔عمران خان نے کہا کہ میرے سارے اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، میری بے نامی پراپرٹی نہیں نہ ملک سے باہرپراپرٹی ہے، پاناماکیس پر دباؤ ڈالنے کے لیے انہوں نے مجھ پرغلط کیس کردیا۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ کسی نے قانون توڑا تو ایک ایک کرکے جیل میں ڈالوں گا، ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹرز نے مجھے منتخب کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ میری نظر میں امپائر صرف اللہ ہے، میں نے کبھی نہیں کہا امپائر کی انگلی کا مطلب فوج ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) ورلڈ کلاس ایجنسی ہیں۔