وزیراعظم کے بیانات سے لگتا ہے انہوں نے ہاتھ کھڑے کردیے، سراج الحق

740

دیر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹائی ٹینک ڈوبنے والا ہے، منصوعی آکسیجن پر حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی،وزیراعظم کے بیانات ناکامی کا اعتراف ہے،ان بیانات سے لگتاہے کہ عمران خان نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر کی تحصیل منڈ ا میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو اس نااہل ٹولے سے نجات دلانے کے لیے عوام کو منظم کرے گی،مہنگائی نے عوا م کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور لوگوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل ہوگیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے دونوں آنکھیں نہ کھولیں تو ایک آنکھ بھی بند ہو جائے گی ۔ حکومت نے کشمیر کا سودا کر لیاہے اور عوام سے حقائق چھپائے جارہے ہیں  موجودہ حکومت نے اسٹیٹس کو کو توڑنے کی بجائے مزید مضبوط کیاہے،کرپشن میں اضافہ ہواہے،پہلے ناجائز کام کے لیے رشوت دینا پڑتی تھی اب جائز کام کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے،رشوت کے ریٹس بڑھ گئے ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  دو سال سے ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے، معیشت کی تباہی نے روپے کو کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بنادیاہے،موجودہ حکومت میں میڈیا کو جتنے دباو کاسامنا ہے ماضی کے فوجی حکومتوںمیں بھی اس کی میثال نہیں ملتی،بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کے اوسان خطا کر دیے ہیں،نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں،لاکھوں لوگوں کا کاروبار اور روزگار ٹھپ ہوچکاہے،عوام کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور مایوسی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے وعدے اور دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،دو سال میں حکومت کسی ایک شعبے میں بہتری نہیں لاسکی،معیشت صنعت و تجارت اور زراعت ہر شعبہ تباہی سے دوچار ہے ۔