معروف سائنسدان نےمیزائل کی تیاری  پر  نواز شریف کادعویٰ مسترد کردیا

864

معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نےٹوم ہاک میزائل کی ریورس انجینئرنگ سے نئے میزائل کی تیاری  پر  نواز شریف کے دعویٰ مسترد کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہاکہ نواز شریف کے دعوے سے اتفاق نہیں کرتا،ٹوماہاک میزائل کی ریورس انجینئرنگ سے میزائل کی تیاری پر نوازشریف کا دعویٰ غلط ہے۔

انہوں نے کہاکہ تباہ شدہ ملبے پر کیا ریسرچ کی جاسکتی ہے؟ یہ سچ ہے کہ ہمیں پاکستان کے ایک حصے سے چند ٹکڑے ملے تھے ، جو محض کوڑے کرکٹ کا ڈھیر تھا، یہ میزائل انتہائی نازک ہوتاہے ، جو زمین پر گرتے ہی ریزہ ریزہ ہوجاتاہے،جو ٹکڑے ملے تھے وہ بے سود تھے۔

معروف سائنسدان  کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس امریکہ کی کوئی درخواست نہیں آئی تھی، اگر اس طرح کی کوئی درخواست آتی تو ہم واپس کردیتے، کیونکہ وہ ملبہ ہمارے کسی کام کا نہیں تھا۔

خیال رہے کہ نوازشریف نے لندن سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ آدھے میزائل تو میں نے تیار کروائے ہیں اور یہ جو ٹوماہاک ہے وہ بھی نواز شریف نے بنوایا تھا، وہ ہم بلوچستان سے لے کر آئے تھے جب کلنٹن نے افغانستان پر راکٹ چلائے تھے۔