نیاناظم آباد کے متاثرہ مکینوں کے مسائل حل کیے جائیں،حافظ نعیم کا مطالبہ

742

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ نیاناظم آباد ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرہ مکینوں کے مسائل حل کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن  سے ادارہ نورحق میں نیا ناظم آباد ہاؤسنگ اسکیم  کے متاثرہ مکینوں نے سوسائٹی کے صدر فہیم احمد کی قیادت میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔

 حافظ نعیم الرحمن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی مظلوموں کی جدوجہد میں ساتھ رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نیاناظم آبا دہاؤسنگ اسکیم سوسائٹی کے بلڈر سے ملاقات کرے گی اور مسائل حل کروانے کی کوشش کرے گی ،اگر مسئلہ بات چیت سے حل نہ ہوا تو پھر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔

امیر کراچی نے کہاکہ حالیہ بارشوںمیں سوسائٹی میں ہونے والی تباہی کے بعد نیاناظم آباد کے مکینوں کا حق ہے کہ انہیں فوری طور پر ضروری رہائشی سہولیات ِزندگی فراہم کی جائیں اور جتنے بھی ترقیاتی کام نامکمل  ہیں اسے فوری طور پر مکمل کیا جائے اور متاثرین کا جتنا بھی مالی نقصان ہوا ہے اس کا زرتلافی ادا کیا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیاناظم آباد ہاؤسنگ اسکیم سوسائٹی میں پانی کی نکاسی کا کام کروایا جائے اور ہر گھر میں بجلی پہنچائی جائے ،بجلی کنکشن کے نام پر NOCاور سب لیز کے نام پر بھاری رقومات کی وصولی بند کی جائے اور تمام الاٹیز کو فوری سب لیز فراہم کی جائے ۔