جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارتکارکی دفتر خارجہ طلبی

517

اسلام آباد:پاکستان نے سینئربھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر  بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی فوج کی جانب سے 30 ستمبر 2020 کو لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدیداحتجاج کیا گیا۔

 بیان میں کہا گیاکہ قابض بھارتی فوج کی بلاجوازاور بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں ایل اوسی کے جندروٹ سیکٹر میں پینسٹھ سالہ کلثوم بیگم زوجہ مندی خان سکنہ گاوں کٹھار شدید زخمی ہوگئیں۔

قابض بھارتی فوج ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔

رواں برس 2020ء میں بھارت نے 2404مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 19 بے گناہ شہری شہید اور 192شدید زخمی ہوئے۔