پاکستان پر بھی اسرائیل تسلیم کرنے کا دباو بڑھایا جارہا ہے،لیاقت بلوچ

379

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اورسیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان میں بھی نفاق ، انتشار اور عدم برداشت کا ایسا ہی ماحول پیدا کیا جارہاہے کہ کشمیر پر مودی کے فاشزم اور عرب ممالک کی طرح پاکستان پر بھی اسرائیل تسلیم کرنے کا دباﺅ بڑھایا جائے ۔ ملک میں فسادی صورتحال سے آئین ، جمہوریت ، سی پیک اور ایٹمی صلاحیت کو مستقل خطرات لاحق کردیے جائیں گے ۔ پاکستان اپنے دوست ممالک سے تعلقات کو مستحکم کرے اوردوست نما قوتوں سے نجات پائی جائے ۔پوری امت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے ۔ کشمیر ، فلسطین ، عراق ، یمن اور لیبیا کے حالات امت کے انتشار کی وجہ سے ہیں ۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماﺅں کا وفد اہل سنت ، اہل تشیع اور اہل حدیث کے اکابر رہنماﺅں سے ملاقات کرے گا ۔ اتحاد و اتفاق اور اتحاد ملت کے لیے بنیادی اصولوں پر تبادلہ خیال ہوگا تاکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کے بجائے باہمی احترام ، برداشت اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا رجحان پیدا ہو ۔ لیاقت بلوچ نے گوپال نگر میں بھٹی اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں ریاستی ادارے ، حکومت ، اپوزیشن اور سول سوسائٹی باہم متصادم ہیں ۔ آئین اورپارلیمانی نظام کو خطرات کی وجہ سے عوام کے لیے مہنگائی ، بے روزگاری اور پیداواری لاگت میں بدترین اضافہ پوری قوم ، خصوصاً غریب طبقے کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہاہے ۔ غریب طبقے اور نوجوانوں کو ملک کے ظلم ، جبر اور کرپٹ نظام سے نجات کے لیے منظم ہونا ہوگا ۔ ذرائع ابلاغ آزاداور ذمے دار ہوں تو عوام خوشحال اور جمہوریت مستحکم ہوگی ۔ نوجوان سوشل میڈیا کو منفی مہمات کے بجائے ظلم کے نظام کو جڑ سے اکھاڑنے اور عوام میں جاگیرداروں ، وڈیروں ، مفاد پرستوں اور عوام کے حقوق پر ڈاکا زن طبقات کے خلاف جرا¿ ت سے کھڑے ہونے کی تحریک پیدا کریں ۔ جماعت اسلامی اپوزیشن کی ملک گیر منظم جماعت ہے ہماری سیاست ذاتیات نہیں اصول اور قانون کی بالادستی قائم کرناہے ۔