ماحول کو آلودہ کرنے والے پلاسٹک بیگس کی فروخت کیخلاف کارروائی

281

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ادارہ تحفظ ماحولیات ریجنل آفس کے افسران کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، پلاسٹک بیگس سپلائی وفروخت کرنے والے ہول سیلرز و ریٹیلرز کی دکانوں پر چھاپے۔ مشیر تحفظ ماحولیات و کوسٹل ڈیولپمنٹ و موسمیاتی تبدیلی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحولیات سندھ نعیم احمد مغل کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائیریکٹر ٹیکنیکل، ریجنل ہیڈ میرپور خاص محمد صہیب راجپوت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز سپلائی و فروخت کرنے والے ہول سیلرز و ریٹیلروں کی دکانوں پر چھاپے، ماحول کو خراب کرنے والی نان بائیوگریڈ یبل پلاسٹک بیگ فروخت کرنے والے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے اور ان کے سرٹیفکیٹس چیک کیے۔ انہوں نے بائییو ڈی گریڈ ایبل شاپر فروخت کرنے والے ہولسیلرز و ریٹیلرز کو سراہا اور ان کو شاباسی دی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کا موقع پر ہی چالان کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے شہر کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز فروخت کرنے والے چھوٹی بڑی ہولسیلرز و ریٹیلرز پر چھاپے مارے ہیں اور ان دکانداروں اور ہول سیلروں اور ریٹیلروں کو سیپا ایکٹ 2014ء کی پاسداری کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں، جو ہولسیلرز و ریٹیلرز قانون کی خلاف ورزی میں پائے گئے ان کا چالان کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے ان تمام ہولسیلرز و ریٹیلرز کو وارننگ دی ہے کہ ہم سرپرائز دورے کرتے رہیں گے، میری تمام ہولسیلرز و ریٹیلرز سے گزارش ہے کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے پلاسٹک بیگ کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر عمل کریں اور جو دکاندار غیر تحلیل شدہ پلاسٹک بیگ کی خریدو فروخت میں پایا گیا تو اس کیخلاف (سیپا) ایکٹ 2014ء کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔