شیخ صباح سپردخاک‘نواف الاحمد امیر کویت بن گئے

264

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کو بدھ کے روز سپرد خاک کردیا گیا۔ اس سے قبل ان کا جسد خاکی امریکا سے خصوصی طیارے کے ذریعے کویت لایا گیا، جہاں نئے امیر کویت شیخ نواف الاحمد اور دیگر اعلیٰ عہدے دار ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ شیخ صباح کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹ کر گاڑیوں کے قافلے میں نماز جنازہ کے لیے جامع مسجد بلال بن رباح رضی اللہ عنہ لے جایا گیا، جہاں خاندان کے افراد اور اعلیٰ عہدیداروں نے نماز جنازہ ادا کی۔ بعد ازاں قبرستان میں صرف شاہی خاندان کے افراد اور شیخ صباح کے قریبی رشتے داروں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ دریں اثنا 83 سالہ ولی عہد شیخ نواف الاحمد الصباح نے گزشتہ روز نئے امیر کویت کا حلف اٹھا لیا ہے، تاہم ان کی جگہ کسی شخصیت کو نیا ولی عہد نامزد نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب امیر کویت کی وفات پر عالمی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ترک صدر نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں امیر کویت صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر افسوس ہے۔ اُدھر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئے امیر کویت سے گفتگو کی کہا کہ ہم ایک پیارے بھائی اور رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔دوسری جانب امیر کویت کی وفات پر قطر، مصر، اردن، فلسطین، لبنان، امارات اور بحرین میں سوگ کا اعلان کیاگیا ہے۔
کویت: شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کو سپردِ خاک کیا جارہا ہے‘ شیخ نواف الاحمد بطور امیر حلف اٹھا رہے ہیں