ایڈمنسٹریٹرز کی زیرنگرانی پارکس کی بحالی کا آغازکردیا،مرتضیٰ وہاب

205

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی ہدایات کے بعد شہر قائد میں ایڈمنسٹریٹرز کی زیر نگرانی پبلک پارکس کی بحالی کا تیزی سے آغاز کردیا گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں پبلک پارکس کی بحالی، شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس اور اہم عمارتوں پر خوبصورت لائٹس کی تنصیب پر شہریوں نے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شہر کراچی کا تشخص بحال کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ عوام شہر کے گلی محلوں، بازاروں، تجارتی مراکز اور سڑکوں کو صاف ستھرا رکھنے میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔ یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقوں، بفرزون، کے ڈی اے چورنگی، ناگن چورنگی، فائیو اسٹار، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، ایف سی ایریا اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔