سندھ کابینہ نے سوئی کمپنی کو گیس لائن بچھانے کیلیے زمین فراہم کرنے کی منظوری دیدی

292

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے سوئی سدرن گیس کو پائپ لائن کے لیے زمین دینے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں 25 نکاتی ایجنڈے پرغورکے بعد کئی اہم فیصلے کیے گئے۔کابینہ نے ایف بی آرکی درخواست پر یکم اکتوبر سے ود ہولڈنگ ٹیکس صولی کامشروط فیصلہ کرلیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے سوئی گیس کے بدلے ایل این جی فراہم کرنے کی پیشکش مسترد کردی ہے۔کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ صوبے کو ایل این جی نہیں چاہیے، سندھ کو صوبے سے نکلنے والی قدرتی گیس ہی دی جائے۔اجلاس میں 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کی پوسٹ فیکٹو منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں 253 پولیس اسٹیشنز کو تفتیش کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل انویسٹی گیشن کے لیے رقم پولیس والے خود خرچ کر کے کلیم کرتے تھے۔ کابینہ نے انویسٹی گیشن کے لیے فنڈز پہلے دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے 15 سے 20 اکتوبر کے درمیان گندم کی قیمتیں جاری کرنے کا اعلان کیاجب کہ پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے کابینہ نے ایک کروڑ 35لاکھ روپے معاوضے کی منظوری دی، شہید ہونے والوں کے خاندان کے ایک نوکری بھی دی جائے گی۔ آپریشن میں حصہ لینے والے 7 اہلکاروں کے لیے 5، 5 لاکھ روپے انعام کی منظوری بھی دی گئی۔محکمہ بلدیات کی جانب سے 9 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کی درخواست بھی کابینہ نے منظور کرلی۔ رقم سے کراچی سرکلر ریلوے کی الائیمنٹ کر کے سیوریج سسٹم کے فلو میں تبدیلی کی جائے گی۔علاوہ ازیں کابینہ نے بیوروکریٹس کے لیے ایک ہزارسی سی کی 100 سے زائد گاڑیاں خریدنے، ماڈل کرمنل کورٹس قائم کرنے اورسندھ انسٹیٹیوٹ آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹ ایکٹ کی بھی منظوری بھی دی۔