کراچی میں پھراسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کافیصلہ

571

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا کیسز میں اضافے کے باعث کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کراچی کے ضلع غربی کی ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد شہر کے مختلف اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔منگھوپیر یوسی 8 اور گڈاپ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق منگھوپیر یوسی 8 میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، علاقے میں داخلے اور باہر آتے ہوئے ماسک لازمی پہنا جائے، اس علاقے میں ٹرانسپورٹ ،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی،صرف راشن کی دکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی اجازت ہوگی جب کہ ہوم ڈلیوریز پر بھی پابندی ہوگی، گھر سے صرف ایک شخص کو ضروری اشیا خریدنے کے لیے باہر آنے کی اجازت ہوگی۔واضح رہے کہ سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 311 کیسز رپورٹ ہوئے، کیسز میں 221 کا تعلق کراچی سے ہے، 10 ہزار 940 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ وبا سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے۔علاوہ ازیںبدھ کوزکمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر کراچی نے شہر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافے کے بعد معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، ماہ ستمبر میں 4667 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 365 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔کمشنر کو بتایا گیا کہ ملک میں سب سے زیادہ کیسز 60 فیصد کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ سہیل راجپوت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی فوری شروع کی جائے اور خلاف ورزی پر کم از کم 3 روز کے لیے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کیے جائیں۔ دوسری جانب وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کو صبح سویرے ڈسٹرکٹ سائوتھ میں کھارادر کے علاقے میں مختلف نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا اور ورلڈ لرننگ گرامر اسکول نامی نجی اسکول میں ایس او پیز کی مکمل خلاف ورزی پر اس کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ صوبائی وزیر نے علاقے میں قائم چھوٹے بڑے کم و بیش 10 سے زائد اسکولوں کا دورہ کیا اور ان اسکولوں میں خود اپنے ہاتھوں سے کرسیاں اور ڈیسک کو درست کرکے سماجی فاصلے کو یقینی بنایا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جے سائنس کالج کا بھی دورہ کیا اور وہاں اساتذہ اور طالبات کے ماسک نہ پہنے ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے اسکولز کے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ خود ایس او پیز کو فالو کریں تاکہ نہ صرف اپنے آپ کو اس وبا سے محفوظ کرپائیں بلکہ اپنے اہلخانہ کو بھی اس وبا سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ ادھرنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑ ھنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے وبا کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈائون نافد کرنے کی تجویز پر غور کیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کا اجلاس وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری صحت سندھ نے این سی او سی کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں ، ملک میں کورونا وائرس کے 747 کیسز میں سے 365 صرف کراچی کے ہیں تاہم شہری حکومت صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تجویز پیش کی کہ کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈائون نافد کیا جائے۔مزیدبرآںنیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں۔بدھ کو این سی او سی سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 747 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 5 مریض اسپتالوں میں وائرس سے جاں بحق ہوئے۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کووڈ۔19 کے 32 ہزار 31 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 881،پنجاب میں 11 ہزار239،خیبرپختونخوا میں 3 ہزار888 ،اسلام آباد میں 3 ہزار442، بلوچستان میں 1 ہزار 617،گلگت بلتستان میں 533، آزاد کشمیر میں 431 ٹیسٹ شامل ہیں۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 881 ہو چکی ہے۔آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوویڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کوروناکوویڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 912 وینٹی لیٹرز پر کوویڈ۔19 کے 93 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کوویڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 8 ہزار 903 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 263 ہے۔ ملک بھر میں کوویڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 479 ہے ۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد اسکول کھل گئے ہیں اور بچوں کی مکمل حاضری سے ظاہر ہوتا ہے والدین مطمئن ہیں، مکمل ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے دوران تعلیم بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے گا، کورونا کو شکست دینے اور تعلیمی سلسلہ بحال کرانے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔