ملک میں پرائمری اسکولز کھل گئے، چھ ماہ بعد تدریسی عمل کا آغاز

507

صوبہ بلوچستان کے علاوہ تمام صوبوں میں پرائمری اسکول چھ ماہ بعد دوبارہ کھل گئے۔

حکومت نے کورونا وائرس وبا کے باعث مارچ میں ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے تھے جنہیں چھ ماہ بعد مرحلہ وار کھولا جا رہا ہے۔

سندھ، پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے پرائمری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ بلوچستان حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پرائمری اسکولز نہ کھولنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلہ، ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ صوبائی اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی جب کہ اسکول کو سیل کردیا جائے گا۔

والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔