حکومت نے گھریلو گیس صارفین پر مزید بوجھ ڈال دیا، گیس سلنڈر بھی مہنگا

527

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے گھریلو گیس صارفین کے اوپر مزید بوجھ ڈال دیا، وزارت خزانہ کے مطابق جے آئی ڈی سی کی مد میں صارفین سے پرانے واجبات کی مد میں22 ارب روپے وصول کئے جائیں گے، جبکہ دوسری جانب اوگرا نے ایل پی جی اور گھریلو و کمرش سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے

 وزارت خزانہ کے مطابق ملک بھر کے گھریلو صارفین کیلئے گیس میٹرز کا رینٹ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صارفین سے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے پرانے واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق جے آئی ڈی سی کے ایک تہائی واجبات بھی وصول کرنے اور اس مد میں 22 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔

دوسری جانب اوگرہ نے ایل پی جی اور گھریلو و کمرش سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرہ نے ایل پی جی 3روپے فی کلو،گھریلو سلنڈر34روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت130 روپے بڑھا دی ہے۔ سرکاری پیداواری قیمت میں 2456روپے میٹرک ٹن، اضافہ کے بعد اوگرہ نے ماہ اکتوبر کیلئے نئی قیمتیں جاری کر دیں۔

نئی قیمتیں جاری ہونے کے بعد اب  ایل پی جی117روپے فی کلوکی بجائے 120روپے فی کلو ہوجائے گی۔ اسی طرح گھریلو سلنڈر کی قیمت1382روپے سے بڑھ کر 1416روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 5319 روپے سے بڑھ کر  5449 روپے ہوجائے گی۔