اسلام آباد: سیکڑوں نوجوان جے آئی یوتھ میں شامل

389

اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام یونین کونسل جھنگی سیداں میں یوتھ کنونشن منعقد ہوا ،جس میں سیکڑوںنوجوانوں نے دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی یوتھ ونگ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدرتھے۔اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ ونگ اسلام آبادکے صدر غفران اللہ بھٹی ،اسماعیل امان،شجاع الرحمن،ڈاکٹر احسن حامد،مولانا عزیز الرحمن،بھی موجود
تھے۔شرکاسے خطاب کرتے ہوئے زبیر صفدر نے کہا کہ کسی بھی ملک میں نوجوان حقیقی تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں ،اسلام آباد میں نوجوانوں کی دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا مظہرہے کہ ملک میں جلد ہی بڑی تبدیلی آنے والی ہے ،کیونکہ آزمودہ چہرے اور بوسیدہ نظام کے باعث ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آ سکتی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کے 60فیصد نوجوانوں کو مایوس کیا ہے اور ہوشربا مہنگائی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ عمران سرکار سیاسی ، اقتصادی ، قومی محاذ پر ناکام ترین حکومت ہے۔ فوجی آمریتوں ، پی پی ، مسلم لیگ کی ناکام حکومتوں کا تسلسل پی ٹی آئی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں عوام کے لیے بہترین اور واحد آپشن کے طور پر موجود ہے۔