وزیراعلیٰ سندھ کا ڈی ایم سیز کو ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن کرنیکا حکم

212

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلعی میونسپل کارپوریشنز (ڈی ایم سیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے ذریعے جاری کریں اور وہ اپنے ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن شروع کریں تاکہ گھوسٹ اور ریٹائرڈ ملازمین جو تنخواہیں لے رہے ہیں اور اسے POL اور دیگر شعبوں میں چوری کرنے کے عمل کو روکا
جاسکے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو ڈی ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر بنا دیا گیا ہے لہٰذا انہیں صفائی، اسٹریٹ لائٹ، پارکوں کی بہتری، سڑکوں کی بہتری، سیوریج نظام کے حوالے سے اپنے اپنے علاقوں میں واضح تبدیلی لانے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے اجلاس میں شرکا ء کو ہدایت کی کہ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے علاقوں میں تجاوزات روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ انہیں اطلاع ہے کہ گھوسٹ ملازمین بلدیاتی اداروں میں بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے بلدیاتی سسٹم سے ان کی تنخواہوں کو اے جی سندھ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ماضی کے ملازمین، ریٹائرڈ ملازمین اور یہاں تک کہ جو ڈبل تنخواہ لے رہے ہیں انکی تنخواہوں کی ادائیگی کو روکا جاسکے۔ اور اگلے مرحلے میں اے جی سندھ کے اسی تنخواہ ادائیگی کے نظام کو دوسرے لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور حیدرآباد ڈویژنمیں متعارف کرایا جائے گا۔