اے پی سی کے بعد نیازی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے

93

جھڈو(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن ضلع میرپور خاص کے نائب صدر فاروق ذوالفقار نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قیام کے بعد نیازی کی سلیکٹڈ حکومت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور میاں شہباز شریف کی نیب کورٹ میں آ مدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت مستر د ہو نے اور نیب کے ہاتھوں گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت اور نیازی کی سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نا اہل حکومت نے غریب عوام سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اور ملک اس وقت تاریخی بدحالی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا نیا اتحاد پی ڈی ایم بھرپور تحریک چلا کر نیازی کی سلیکٹڈ اور نا اہل حکومت کو گھر بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف جیسے محب وطن پاکستانی کو نیب کے ہاتھوں گرفتار کر واکر قید و بند کی صعوبتوں کے ذریعے حق و سچ کی آواز بلند کرنے اور نیازی حکومت کی کرپشن کے پردے فاش کرنے سے روکا نہیں جاسکتا۔