شکارپور،کلرکس ایسوسی ایشن کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

139

شکارپور (نمائندہ جسارت) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن یونٹ میونسپل کمیٹی شکارپور کی جانب سے گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے،چھوٹے ملازموں سے نا انصافی اور تنخواہیں ٹریژری کے ذریعے آن لائن کرنے کے لیے آفس کی تالا بندی کرکے پریس کلب کے سامنے دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید نعرے بازی کی، ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں کی ادائیگی کے نعرے درج تھے۔ صدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن یونٹ میونسپل کمیٹی آغا بابر پٹھان، شاہد میمن، سید رشید شاہ، آغا کامران صدیقی، راحیل میمن، حافظ عبدالبصیر سومرو، طارق علی انصاریاور وقاص علی نے کہا کہ 600ملازمین کی بلاوجہ گزشتہ 2 ماہ سے تنخواہیں بند کی گئی ہیں ملازمین کے گھرو ں میں فاقے ہیں، نظام زندگی چلانے کیلیے کوئی بھی حل نہیں رہا، گھروں میں راشن نہ ہونے کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہیں، ملازمین فاقے کاٹنے پر مجبور ہیں۔دکاندار نے مزید سودا سلف دینے سے انکار کردیا ،اسکول فیس نہ دینے پر بچوں کو اسکول سے نکال دیا گیا ہے،کرایہ نہ دینے پر مالک مکان گھر خالی کرنے کا بول رہے ہیں، لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سارے ملازمین کی تنخواہیں آن لائن کی جائیں تاکہ ہر ماہ تنخواہیں وقت پر ملازمین کو مل سکیں ، ملازمین کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے اگر تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں تو تالا بندی کرکے غیر معینہ مدت تک مکمل ہڑتال کی جائے گی۔