ٹنڈومحمد خان ،غیراعلانیہ گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج

149

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و ناانصافی ہے ، ضلع ٹنڈومحمدخان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ، سوئی گیس کے ذخائر ہونے کے باوجود 6 لاکھ کی آبادی سوئی گیس کیلیے پریشان ہے ،اسکول جانے والے بچے بغیر ناشتے اسکول جانے پر مجبور ہیں ، فوری طور پر سوئی سدرن گیس کمپنی اپنا قبلہ درست کر ے ورنہ بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائیگی ، شہری اتحاد کے ضلعی صدر نور حسن کھوکھر ، میر نسیم تالپور ، میر سرفراز تالپور ، علی بخش ، محمد جمن میرجت ودیگر کی پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صبح ، دوپہر ، شام ، رات کے مختلف اوقات میں کئی کئی گھنٹوں کی کی جانے والی لوڈ شیڈنگ اور سوئی گیس پریشر میں کمی کیخلاف شہری اتحاد کے ضلعی صدر نور حسن کھوکھر، میر نسیم تالپور ، میر سرفرا ز تالپور ، علی بخش سومرواور محمد جمن میرجت ودیگر نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ٹنڈومحمد خان 6 لاکھ سے زائد آبادی والا ضلع ہے ، یہاں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، جس کے باعث اسکول جانے والے بچے اور کاروباری حضرات سخت پریشان ہیں ، محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کی جانے والی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی عوام کے ساتھ سراسر ظلم و ناانصافی ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بعد اب گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ، ضلع ٹنڈومحمدخان قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے ، جبکہ سوئی گیس کے ذخائر بھی ٹنڈومحمدخان میں موجود ہیں لیکن اس کے باوجودبھی ٹنڈومحمدخان کے شہریوں کو سوئی گیس فراہم نہیں کی جارہی ، جس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس موقع پر شہری اتحاد کے رہنمائوں نے وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیں ، بصورت دیگر شہر ی اتحاد کی جانب سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔