جھڈو، 90 سیلاب متاثرہ غریب خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم

172

جھڈو (نمائندہ جسارت) ٹائون کمیٹی جھڈو کی جانب سے 90 سیلاب متاثرہ غریب خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، رکن سندھ اسمبلی میر طارق تالپور نے سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ ٹائون کمیٹی جھڈو کی جانب سے خواتین کو سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد سابق چیئرمین اسلم خان کی رہائش گاہ پر کیا گیا، جس میں رکن سندھ اسمبلی میر طارق خان تالپور، سابق چیئرمین اسلم خان اور پیپلز پارٹی جھڈو کے صدر میر عرفان تالپور نے سیلاب متاثرہ اور ضرورت مند خواتین میں 90 سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ یہ سلائی مشینیں ایک ماہ قبل خریدی گئی تھیں، جو بارش اور ہنگامی صورت کے باعث تقسیم نہ کی جاسکی تھیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میر طارق خان تالپور، اسلم خان اور میر عرفان تالپور نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرین سیلاب کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ متاثرین کو خیمے، راشن، مچھر دانیاں فراہم کرنے کے بعداب سلائی مشینیں تقسیم کی جارہی ہیں۔ متاثرین کے لیے اگر کسی نے کچھ نہیں کیا تو وفاقی حکومت نے نہیں کیا۔ اس موقع پر ٹائون کمیٹی کے کونسلروں محمد علی ناگوری، سید امداد شاہ اور شہری بھی موجود تھے۔