حکومت نے اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کو متنازع بنا دیا ، سراج الحق

228

 

لاہور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کب تک اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پناہ لیں گے ۔ حکومت نے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی متنازع بنایا اور بدنام کیا ۔ حکومت نے سول سپر میسی ختم کی اور پارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی جنازہ نکال دیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ میری نہیں مافیاز کی حکومت ہے ، ملک میں آٹا چینی ، لینڈ اور ڈرگ مافیاز حکومت سے طاقتور ہیں ۔ قوم کی گردنوں پر سوار اس مافیاز نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا اور قوم کا حشر کردیاہے ۔ نیب بھی اندھا ہے جو ایک آنکھ سے دیکھتاہے حکومت میں بیٹھے ہوئے لٹیرے اسے نظر نہیں آتے ۔ وفاق نے صوبائی حقوق پر ڈاکا ڈالا ، کراچی ، کوئٹہ ، پشاور رو رہاہے ۔ میڈیا کے حقوق سلب ہیں وزیراعظم نے 788 دن کی حکومت میں 788 بار جھوٹ بولا ۔ مسلم لیگ ، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے ۔ یہ ایک کلچر ، ایک نظام اور اسٹیٹس کو کی پیداوار ہیں اور ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام کو قائم رکھنے کے لیے متحد ہیں ۔ اقتدار کے ایوانوں میں چھپے
ہوئے یہ لٹیرے جب تک جیلوں میں نہیں جاتے ، غریب کو اس کے حقوق نہیں مل سکتے ۔ وزیراعظم نے نوجوانوں ، مزدوروں اور کسانوں سے دھوکا کیا ۔ جماعت اسلامی عوام کی محرومیوں کو ختم کرسکتی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں غریب کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ان لٹیروں سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ غریب ، کسان اور مزدور متحد ہو کر شاندار اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چودھری سلمان الٰہی سہو نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔شمولیتی کنونشن سے امیر صوبہ جنوبی رائو ظفر ، ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سجاد وینس بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ان نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں قوم کی تقدیر بدلنے کی لکیر نہیں ۔ یہ آئی ایم ایف اور امریکا کے در کے فقیر ہیں ۔ سابق اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا ۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکمرانوں نے تحفظ ختم نبوت ؐ اور صحابہ کرام ؓ کی ناموس و عظمت کے ساتھ ہمیشہ بے وفائی کی اور ناموس رسالت ؐ کے مجرموں کو پروٹوکول دے کر ملک سے باہر بھیجا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے آٹے اور چینی کے بعد دوائوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ کردیاہے ۔ غریب 2 وقت کا کھانا کھا سکتاہے نہ بیمار علاج کراسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ محنت کرنے والے اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں مگر ان کی محنت کا پھل جاگیردار اور سرمایہ دار کھاتے ہیں اور غریب کے بچے بھوکے سوتے ہیں ۔ انہیں تعلیم اور علاج کی سہولت ملتی ہے نہ کسی عدالت سے انصاف ملتاہے ۔ یہ جاگیر دار اور وڈیرے کبھی پی پی ، کبھی مسلم لیگ اور کبھی مشرف کے ہاتھ پر بیعت کر کے اقتدار کے ایوانوں میں جا کر غریب کا استحصال کرتے اور قومی خزانے کو لوٹتے ہیں ان کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں ، جیلیں ہیں ۔جب بھی ایف اے ٹی ایف کہتاہے یہ پی پی ، ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔

بونیر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق آغوش الخدمت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے دوران دعا کررہے ہیں