افغانستان کی معاشی ترقی میں بھی ساتھ دیں گے۔وزیراعظم ، عبداللہ عبداللہ کی ملاقات

374

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی معاشی ترقی میں بھی ساتھ دیں گے۔وزیراعظم عمران خان اور افغانستان کی اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا دورہ پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والے اتفاق رائے کی حمایت کرے گا، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم نے باہمی فائدہ مند تجارت کے لیے ان صلاحیتوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں کہا کہ پاکستان افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے ہر طرح کی کوششیں جاری رکھے گا، افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور معاشی تعلقات اور عوامی تعلقات
کو مزید مضبوط بنائیں گے۔اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ صدر اشرف غنی کی دعوت پر اپنے دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔علاوہ ازیں عبداللہ عبداللہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی اور پاک افغان تعلقات بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ ملاقات کررہے ہیں