فرانسیسی پولیس کی کارروائی ،مہاجر کیمپ اجاڑدیا

245

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی حکومت نے برطانیہ کی سرحد کے قریب تارکین وطن کا کیمپ اجاڑ دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق فرانس کے شمالی علاقے کیلے میں ہزاروں کی تعداد میں مہاجرین برطانیہ جانے کی خواہش دل میں لیے مقیم تھے۔ ان میں اکثر وہ افراد تھے، جنہوں نے برطانیہ میں پناہ کی درخواستیں دے رکھی تھیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی پولیس نے سورج طلوع ہونے سے قبل ہی کیلے کیمپ پر دھاوا بول کر مہاجرین کو وہاں سے جانے پر مجبور کردیا۔ دوسری جانب سلووینیا کی پولیس نے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 113 سے زائد مہاجرین کو گرفتار کر لیا ۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ مہاجرین کروشیا سے غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے ۔ اس سے قبل 30 مہاجرین کو پکڑا گیا تھا۔ اس دوران 34 مہاجرین کو سرحد عبور کرانے کی کوشش کے دوران بلجیم کا ایک شہری بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق پکڑے جانے والے مہاجرین میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانی اور مراکش کے شہریوں کی ہے ادھر یونان میں 35امدادی کارکن مہاجرین کی اسمگلنگ میں ملوث نکلے۔ یونانی پولیس کے مطابق مہاجرین کی مدد کرنے والی کئی غیر ملکی تنظیموں کے کارکن تارکین وطن کی اسمگلنگ اور منظم جاسوسی کے مرتکب ہوئے۔ غیر سرکاری تنظیموں کے 35 کارکنوں میں 2غیر ملکی بھی شامل ہیں۔