کاراباخ ،ترکی پر آرمینی طیارہ مار گرانے کا الزام

328

یریوان (انٹرنیشنل ڈیسک) آرمینیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی نے اس کی فضائی حدود میں داخل ہو کر اس کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ آرمینی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سوویت دور کے ایس یو 25 کو آرمینیا کی فضائی حدود میں ترکی کے ایف 16 طیارے نے مار گرایا اور اس واقعے میں آرمینی پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آذربائیجان کی فضائی حدود سے کیا گیا۔ آذربائیجان اور ترکی کی دفاعی وزارتوں نے تُرک طیارے کے ہاتھوں آرمینی طیارے کی تباہی سے متعلق بیانات کی تردید کی ہے۔ البتہ تُرک دفتر خارجہ کے مطابق آذربائیجان پر حملہ ترکی پر حملہ تصور کیا جائے گا اور ترکی اس کا بھرپور جواب دے گا۔ واضح رہے کہ متنازع علاقے نگورنو کاراباخ پر آزربائیجان اور آرمینیا کے درمیان اتوار کو ایک بار پھر جنگ چھڑگئی ہے، جس کے نتیجے میں آرمینیا کے درجنوں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور اسے بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے شہری بھی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جب کہ مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ناگورنو کاراباخ آذربائیجان کا علاقہ ہے، جس میں آرمینیا نے مقامی مسیحی قبائل کے ذریعے شورش کھڑی کررکھی ہے۔ اس علاقے پر قبضے کی کوش میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے بھی کئی بار خوںریز جنگیں ہو چکی ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں منگل کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا۔ اس ہنگامی اجلاس کی درخواست جرمنی اور فرانس نے دی تھی۔ آذربائیجان مسلمان اکثریتی ملک ہے، جب کہ آرمینیا کی آبادی میں اکثریت مسیحیوں کی ہے۔