ترکی: خاشق جی قتل کیس میں مزید 6 سعودیوں پرفرد جرم عائد

132

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشق جی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں 2018ء میں قتل کیے جانے کے مقدمے میں مزید 6 افراد پرفرد جرم عائد کردی گئی کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ترکی کے استغاثہ نے خاشق جی قتل کیس میں دوسری چارج شیٹ دائر کی ہے، جس میں مزید 6 سعودی شہریوں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، ان میں سے ایک نائب قونصل اور دوسرا اتاشی ہے جب کہ دیگر 4 سعودی شہری ہیں۔ اسی سلسلے میں پہلے ہی 20 سعودی شہریوں کے خلاف استنبول میں مقدمہ جاری ہے۔ ترکی کے استغاثہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان 6 افراد کے مقدمات بھی اصل مقدمے کے ساتھ منسلک کردیے جائیں اورقونصل خانے کے دونوں ملازمین کوبہیمانہ قتل کی منصوبہ بندی میں مبینہ طورپر ملوث ہونے کے جرم میں عمر قید کی سزا دی جائے۔ دیگر 4 ملزمان پر شواہد تلف کرنے یا ان میں تبدیلی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جنہیں جرم ثابت ہونے پر 5 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ یہ 6 ملزمان اس وقت ترکی میں موجود نہیں ہیں، لہٰذا ان کی غیر موجودگی ہی میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ دوسری جانب ترکی کے دفتر استغاثہ نے معاملے سے متعلق فوری طورپر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی ایک عدالت نے خاشق جی قتل کیس میں 8 افراد کو 7 سے 20 برس تک سزا سنائی تھی۔ اس سے قبل خاشق جی کے اہل خانہ نے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کی سزائے موت منسوخ کردی گئی تھی۔