ہوٹل پر تنقید امریکی سیاح کو مہنگی پڑ گئی

465

تھائی لینڈ میں ایک امریکی شہری کے خلاف ہوٹل کو تنقید کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیاح نے ہوٹل انتظامیہ پر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تنقید کی جس کے بعد انتظامیہ نے سیاح کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔

ہوٹل انتظامیہ نے مقدمہ دائر کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی سیاح کی تنقید حقیقت کے منافی اور ہوٹل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

امریکی سیاح اور ہوٹل انتظامیہ کے درمیان تنازع تب شروع ہوا جب سیاح نے انتظامیہ سے اصرار کیا کہ وہ اپنی شراب کی بوتل کمرے میں لے جانا چاہتا ہے لیکن اسے اجازت نہ دی گئی۔

بعدازاں سیاح ہوٹل کو اپنی تنقید کی زد میں لے آیا۔ انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیاح نے انسداد ہتک عزت کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

سیاح کو حراست میں لے کر کئی دنوں تک جیل میں رکھا گیا۔ بعدازاں سیاح کو ضمانت پر رہائی مل گئی۔ انسداد ہتک عزت کے قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر امریکی شہری کو دو سال کی قید ہوسکتی ہے۔