داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ ہفتہ اور اتوار کو ہوگا

765

داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سال برائے2020-21ء کیلئے پری ایڈمیشن ٹیسٹ ہفتہ 3؍ اکتوبر اور اتوار 4؍ اکتوبر 2020ء کو ہوگا۔

داخلہ ٹیسٹ صرف کراچی میں ہوگا جس کا انعقاد این ای ڈی یونیورسٹی میں کیا جائے گا ۔ داخلہ ٹیسٹ منفی مارکنگ کے تحت ہوں گے اور چار غلط جوابات کی صورت میں ایک نمبر منہا کرلیا جائے گا ۔

 رجسٹرار سید آصف علی شاہ کے اعلامیے کے مطابق 3اور 4اکتوبر کو ہر روز ٹیسٹ کے 3سیشن ہوں گے اور ہر سیشن میں 800؍ امیدوارون کو ٹیسٹ لیا جائے گا۔ تمام امیدوار طلباء کو رول نمبر سلپ داؤد یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کردیئے گئے ہیں ، رجسٹرڈ امیدوار اسٹوڈنٹ پورٹل پر لاگ ان ہوکر اپنے رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کو ٹیسٹ کے مقام پر مختلف اوقات صبح 8 بجے ، 10 بجے اور 1 بجے بلایا گیا ہے جس کی تفصیلات ہر امیدوار کے رول نمبر سلپ پر درج ہے۔

 رجسٹرار سید آصف علی شاہ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے تحفظ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ٹیسٹ کے دوران امیدواروں کی نشستوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جائے گا جبکہ ہر امیدوار کو ماسک پہننا ہوگا ، داخلہ ٹیسٹ میں جانے سے قبل ہر امیدوار کو ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔ مزید برآں امیدواروں کو کسی بھی طرح کی مشکل کی صورت میں وہ وقت مقررہ سے پہلے ٹیسٹ سینٹرز پر اصل شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے ساتھ پہنچ کر اپنے ایڈمٹ کارڈ بنوا سکتے ہیں ۔