وزیراعظم کب تک اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پناہ لیں گے، سینیٹر سراج الحق

649

ملتان:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کب تک اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پناہ لیں گے، حکومت نے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کوبھی متنازعہ بنایا اور بدنام کیا ۔ حکومت نے سول سپر میسی ختم کی اورپارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی جنازہ نکال دیا،وزیراعظم کہتے ہیں کہ میری نہیں مافیاز کی حکومت ہے،ملک میں آٹا چینی ، لینڈ اور ڈرگ مافیازحکومت سے طاقتور ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قوم کی گردنوں پر سوار اس مافیاز نے عوام سے جینےکا حق چھین لیا اور قوم کا حشر کردیاہے،نیب بھی اندھا ہے جو ایک آنکھ سے دیکھتاہے حکومت میں بیٹھے ہوئے لٹیرے اسے نظر نہیں آتے،وفاق نےصوبائی حقوق پر ڈاکہ ڈالا،کراچی، کوئٹہ، پشاور رو رہاہے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا کےحقوق سلب ہیں وزیراعظم نے 788 دنوں کی حکومت میں 788 بار جھوٹ بولا،مسلم لیگ ، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے،یہ ایک کلچر، ایک نظام اور اسٹیٹس کو کی پیداوار ہیں اورظلم و جبر کے اس استحصالی نظام کو قائم رکھنے کے لیے متحد ہیں۔

انہوں نےکہا کہ اقتدارکے ایوانوں میں چھپے ہوئے یہ لٹیرے جب تک جیلوں میں نہیں جاتے ، غریب کواس کے حقوق نہیں مل سکتے،وزیراعظم نے نوجوانوں ، مزدوروں اور کسانوں سے دھوکہ کیا،جماعت اسلامی عوام کی محرومیوں کو ختم کرسکتی ہے،جماعت اسلامی ملک میں غریب کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،ان لٹیروں سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ غریب ، کسان اور مزدور متحد ہو کر شاندار اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ان نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں قوم کی تقدیربدلنے کی لکیر نہیں،یہ آئی ایم ایف اور امریکہ کے در کے فقیر ہیں،سابقہ اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، تبدیلی کے نام پر عوام کودھوکہ دیا گیا،آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکمرانوں نے تحفظ ختم نبوت اورصحابہ کرام ؓ کی ناموس و عظمت کے ساتھ ہمیشہ بے وفائی کی اور ناموس رسالت کے مجرموں کو پروٹوکول دے کر ملک سے باہر بھیجا ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے آٹے اور چینی کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ کردیاہے،غریب دو وقت کا کھانا کھا سکتاہے نہ بیمار علاج کراسکتاہے،محنت کرنے والے اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں مگر ان کی محنت کا پھل جاگیردار اور سرمایہ دار کھاتے ہیں اور غریب کے بچے بھوکے سوتے ہیں،انہیں تعلیم اور علاج کی سہولت ملتی ہے نہ کسی عدالت سے انصاف ملتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ جاگیر دار اور وڈیرے کبھی پی پی ، کبھی مسلم لیگ اور کبھی مشرف کےہاتھ پر بیعت کر کے اقتدار کے ایوانوں میں جا کر غریب کا استحصال کرتےاور قومی خزانے کو لوٹتے ہیں ان کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں، جیلیں ہیں،جب بھی ایف اے ٹی ایف کہتاہے یہ پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔