تاحیات نااہل کیس: عدالت کا وزیراعلیٰ سندھ، الیکشن کمیشن سے جواب طلب

520

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست میں مراد علی شاہ اور الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تاحیات نااہل قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کی۔

ابتدائی سماعت پر نوٹس جاری ہونے کے باوجود جواب جمع نہ کرانے پر سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا، جو بھی جواب جمع کرانا ہے کرا دیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ انتخابات سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی بھی چیلنج کیے گئے تھے۔ جب کہ الیکشن ٹریبونل نے مراد علی شاہ کے خلاف درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے حکم نامے کی کاپیاں جمع کرادیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیراعلیٰ سندھ اور الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔