“افغان مہاجرین کی عزت و وقار سے واپسی کے خواہاں ہیں”

219

اسلام آباد: وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی عزت و وقار سے واپسی کے خواہاں ہیں.

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں انسٹیوٹ آف اسٹرٹیجک سٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کررہی ہے، ہمیں امن عمل کونقصان پہنچانے والے عناصر سے خبردار رہنا ہے.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان قیادت کو قیام امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہے، بین الافغان مذاکرات کا آغازبہت اہم قدم ہے،افغانستان میں امن اوراستحکام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں.

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا افغانستان میں امن علاقائی ترقی کے لیےضروری ہے، ہم افغان مہاجرین کی عزت و وقار سے واپسی کے خواہاں ہیں، بہترین مستقبل کےلیے ہمیں ماضی کی غلطیوں  کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا جبکہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہی دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر ہیں.

دوسری جانب افغان مفاہمتی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوت دینے اور بہترین میزبانی پر  پاکستان کا مشکور ہوں، کابل اور اسلام آباد کو تمام معاملات میں ایک دوسرے کو معاونت فراہم کرنا ہوگا.

عبداللہ عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ اچھے دور کا آغاز ہوا ہے ہم نے موقع ضائع  کیے بغیر  فائد ہ اٹھانا ہوگا.