امیر کویت شیخ صباح الاحمد انتقال کرگئے

670

کویت سٹی:خلیجی ملک کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امیر کویت کی وفات کا اعلان شاہی امور کے انچارج وزیر شیح علی جابر الصباح نے سرکاری ٹی وی پر کیا،امیرِ کویت امریکا میں زیر علاج تھے جہاں منگل کو  ان کا انتقال ہوگیا۔

امیرکویت کی جولائی میں اپنے ملک میں سرجری کی گئی تھی جس کے بعد وہ مکمل علاج کے لیے امریکا روانہ ہوگئے تھے۔ان کی صحت میں بہتری سے متعلق 14 ستمبر کو کویتی وزیر اعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا تھا۔

شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح 2006 میں امیر کویت بنے اور اپنی علالت تک اس عہدے پر فائز رہے،شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح کویت کے وزیر اعظم بھی رہے ہیں جب کہ وہ کویت کے 40 سال تک وزیر خارجہ بھی رہے۔

ان  کے انتقال کے بعد ان کے 83 سالہ سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کے امیر کویت بننے کا امکان ہے تاہم باقاعدہ اعلان کچھ روز میں کیا جائے گا۔