عدالت کا بشیر میمن کی پنشن کا معاملہ ایک ہفتے میں حل کرنے کا حکم

202

اسلام آباد(آن لائن )اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر
میمن کی پنشن روکے جانے کے خلاف درخواست پراکاؤنٹ جنرل آفس کو ایک ہفتے میں معاملہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل آفیسر پر اظہار برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ اگر ایک ڈی جی ایف آئی اے کے ساتھ یہ ہورہا ہے تو عام سول سرونٹ کے ساتھ کیا ہوتا ہو گا،آپ کو تو پورا سسٹم ٹھیک کرنا چاہیے جو ریٹائرڈ ہو جائے تو کیا وہ دفتروں کے دھکے کھاتا رہے؟، آپ کا سسٹم ایسا ہونا چاہیے کہ کوئی ریٹائرڈ ہوتو اگلے روز اس کے پیپر کلیئر ہوں۔عدالت نے کہاکہ پنشن میں تو آپ کو آسانیاں پیدا کرنی چاہییں، ابھی تو ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے ہر چیز کمپیوٹر پر ہونی چاہیے،کسی کی پنشن روکنا تو سیریس بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اگر اس معاملے پر کوئی فیصلہ آگیا تو آپ اپنے آپ کو شرمندہ کریں گے،عدالت نے اے جی پی آر کو کیس حل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 5اکتوبر تک ملتوی کردی۔